امبیڈکر لا یونیورسٹی کے کانوکیشن سے صدرجمہوریہ کووند کاخطاب
چینائی۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر رام ناتھ کووند نے عدالتوں کے فیصلوں کو علاقائی زبانوں میں ترجمہ کرانے ، قانونی خواندگی میں اضافہ کرنے اور قانونی ضابطوں کو سہل بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔مسٹر کووند نے آج یہاں تمل ناڈو امبیڈکر لا یونیورسٹی کے خصوصی کنووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف لوگوں کو انصاف دلانا اہم ہے بلکہ یہ بھی کہ جس زبان کو جانتے اور سمجھتے ہیں اسی زبان میں انہیں مقدمے کی معلومات فراہم کی جاسکے ۔انہوں نے سپریم کورٹ کی طرف سے مختلف علاقائی زبانوں میں فیصلے کی نقل جاری کرنے کے حکم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شاید ایک نظام ڈیولپ کیا جاسکتا ہے جس کے تحت فیصلوں کے مصدقہ نقول مقامی یا علاقائی زبان میں ہائی کورٹوں کے ذریعہ دستیاب کرائی جائیں۔مسٹر کووند نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ کچھ عدالتوں نے اس مشورے کو مثبت طورپر لیا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد اور مناسب انصاف دلانا وکیل برادری کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ قانون کے پیشے میں ہیں خواہ وہ جج ہوں یا وکیل’ عدالت کے افسر ہوں یا تکنیشیئن’ قانون کی بالادستی یقینی بنانے میں سبھی کا رول اہم ہوتا ہے ۔