عدالتی فیصلہ: نفرت کی سیاست میں محبت کی جیت

   

ہتک عزت مقدمہ میں راہول گاندھی کے بری ہونے پر نارائن پیٹ میں کانگریس کا جشن

نارائن پیٹ۔/5 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راہول گاندھی کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمہ کے فیصلہ میں روک لگانے کے عبوری حکم جاری کرنے سے جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر کے شیو کمار ریڈی، ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی نارائن پیٹ کے سابق صدر نے آج نارائن پیٹ کانگریس پارٹی آفس، راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت مقدمہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے عبوری حکم جاری کرنے کے بعد پارٹی آفس میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ کانگریس پارٹی کارکنوں نے آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔ مسٹر کے شیو کمار ریڈی نے کہا کہ گجرات ریاست میں سورت کی ضلعی عدالت نے راہول گاندھی کو دو سال کی سزا سنائی گئی۔ لوک سبھا سکریٹری نے راہول گاندھی کو 24 مارچ کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیا تھا۔ اس کے بعد راہول گاندھی کو سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ میں لڑنے سے کوئی راحت نہیں ملی تھی چنانچہ راہول گاندھی نے انصاف کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا، جہاں راہول گاندھی کو عبوری حکمنامہ سے بری قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نفرت کی سیاست میں محبت کی جیت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ راہول گاندھی کی رکن پارلیمنٹ کی حیثیت کو فوری بحال کیا جائے۔ مسٹر راہول گاندھی نے کنہیا کماری سے کشمیر تک پدیاترا کے ذریعہ ملک کی سالمیت و اتحاد پر زور دیا تھا، اس موقع پر ضلع صدر کسان مورچہ کانگریس جناب محمد غوث، یوتھ کانگریس صدر کوٹلہ رویندر ریی، رکن بلدیہ مسٹر محمد سلیم، اقلیتی قائدین محمود قریشی، جی سدھاکر، محمد یوسف تاج، رحمن چاند، بویا رمیش، بھیم پرکاش، آنند ، راجندر گوڑ، راج ریڈی و دیگر یوتھ قائدین نے شرکت کی۔