عدالت میں جگن کی غیر حاضری پر سی بی آئی خصوصی جج کا اعتراض

   

حیدرآباد۔/22ڈسمبر، ( سیاست نیوز)سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جگن موہن ریڈی کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے چیف منسٹر کو شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست کی جس پر جج نے غیر حاضری کی وجوہات دریافت کی۔ جج نے سوال کیا کہ آخر کتنی بار اس طرح کی درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ جج نے جگن کے وکیل کو بتایا کہ جس وقت ضمانت منظور کی گئی اس کی شرائط میں یہ شامل ہے کہ جگن موہن ریڈی سماعت کے موقع پر عدالت میں حاضر رہیں۔ جگن کے وکیل نے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کے معاملہ میں مقدمہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے اور عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ وکیل نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کو ضمانت کی منظوری کے بعد سے صورتحال تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق میں ہر ماہ چند دن سماعت ہوا کرتی تھی لیکن اب باقاعدگی سے سماعت ہورہی ہے اور چیف منسٹر کی حیثیت سے جگن موہن ریڈی ہر سماعت میں حاضری سے قاصر ہیں۔ اگر عدالت ہدایت دے تو وہ کسی مخصوص سماعت پر حاضر ہوں گے۔ عدالت نے جگن کے وکیل کو درخواست داخل کرنے کی اجازت دی ۔ر