نینی تال: اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ایک عجیب و غریب معاملے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے عدالت کا وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار کے خلاف پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور صرف یہی نہیں ، بلکہ درخواست گزار کو یہ رقم دو ہفتے کے اندر ایڈوکیٹ ویلفیئر فنڈ میں جمع کروانے کی ہدایت بھی دی ۔یہ معاملہ اتراکھنڈ پبلک سروس کمیشن (یوکے پی ایس سی) کی طرف سے اسسٹنٹ فاریسٹ کنزرویٹر اور اتراکھنڈ اسپیشل سب آرڈنیٹ ایجوکیشن (لیکچرر گریڈ) سروس کے عہدوں کے لیے ہونے والے امتحان سے متعلق ہے ۔ پبلک سروس کمیشن کا یہ امتحان 13 مارچ سے 21 مارچ تک ہونے والا ہے ۔ کمیشن کے اس قدم کو کلدیپ چند رتوڑی کی جانب سے ایک مفاد عامہ کی عرضی کے ذریعہ چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یہ امتحانات ہریدوار میں منعقدہ مہاکمبھ کے درمیان یو کے پی ایس سی کے ذریعہ لیا جانا غلط ہے ۔
