عدالت کی برہمی پر فٹ پاتھ سے قبضوں کی برخواستگی

   

ٹولی چوکی، عابڈس و دیگر اہم مقامات پر جی ایچ ایم سی کی کارروائی

حیدرآباد۔8 ستمبر ۔ (سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے شدید برہمی کے اظہار کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں بڑے پیمانے پر فٹ پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں مہم چلائی جا رہی ہے اور گذشتہ دو یوم کے دوران ٹولی چوکی ‘ نامپلی ‘ بازار گارڈ ‘ معظم جاہی مارکٹ کے علاوہ عابڈس کے علاقوں میں فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کو برخواست کیا اور جے سی کے ساتھ کاروائی انجام دی گئی ۔ احکامات کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے عدالت میں رپورٹ داخل کی جانی ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کاروائی کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر میں فٹ پاتھ پر موجود قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو آئندہ دنوں کے دوران مزید تیز کیا جائے گا۔ بعض مقامات پر جی ایچ ایم سی کی کاروائی کے فوری بعد دوبارہ فٹ پاتھ پر قبضہ کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کی گئی کاروائی کے دوران جن فٹ پاتھس سے قبضہ جات برخواست کئے گئے ہیں ان پر اگر دوبارہ قبضہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں قابضین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرواتے ہوئے ان کو پولیس کے ذریعہ گرفتار کروایا جائے گا اور ن پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کے فٹ پاتھس پر موجود قبضوں کی برخواستگی عمل میں لائی جا رہی ہے اور نئے فٹ پاتھس کی تعمیر کے سلسلہ میں بھی اقدامات کئے جانے لگے ہیں تاکہ پیدل راہروؤں کو سڑک پر چلنے سے روکتے ہوئے فٹ پاتھ پر جگہ فراہم کی جاسکے۔M