عدالت کے احکام ، کے سی آر کے منہ پر طمانچہ

   

جگتیال میں آر ٹی سی کی تائید میں احتجاجی ریالی سے ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی کا خطاب

جگتیال ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): جگتیال ڈپو سے آج ایک بھی بس نہیں نکالی گئی ۔ یہاں تک کے خانگی بس سرویس کو بھی نہیں چلایا گیا جس کی وجہ صبح سے ہی بس اسٹانڈ سنسان تھا ، تجارتی ادارے بھی آر ٹی سی کی حمایت میں بند میں بھر پور تعاون کرتے ہوئے اپنے اپنے کاروبار کو بند رکھا ۔ جس کی وجہ سے بند مجموعی طور پر کامیاب رہا ۔ کل جماعتی قائدین نے کانگریس پارٹی سینئیر قائد ایم یل سی ٹی جیون ریڈی کی رہائش گاہ سے جیون ریڈی کی قیادت میں آر ٹی سی کے جائز مطالبات کی یکسوئی اور آر ٹی سی کو حکومت میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے موٹر سیکل ریالی نکالی ۔ بس ڈپو کے روبرو کل جماعتی قائدین اور آر ٹی سی یونین کے قائدین نے احتجاج کیا ۔ ایم یل سی ٹی جیون ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی نقصان میں نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر پر اس کو خانگیانہ کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے غلط فیصلوں سے نہ صرف آر ٹی سی بلکہ تلنگانہ ریاست کے تمام شعبے مقروض ہوگئے ہیں ۔ گذشتہ پانچ سال میں آر ٹی سی میں ایک ملازمت نہیں دی گئی ۔ الٹا 50 ہزار ملازمتوں کو برطرف کردینے کی بات کی جارہی ہے ۔ دستور کی پاسداری کرنے کا حلف لے کر دستور اور قانون کی مخالفت کرنے کا الزام لگایا ، چیف منسٹر کے پاس نہ ہی انسانیت ہے اور نہ ہی عدالت کا احترام ، عدالت کی جانب سے آر ٹی سی کے متعلق دئیے گئے ہائی کورٹ احکامات کی ستائش اور کے سی آر کے منہ پر طمانچہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی سے میرا گہرا تعلق ہے یہ کارپوریشن میری ماں کی مانند ہے اس کے مسائل کی یکسوئی کے لیے ہر ممکنہ جدوجہد کرنا نہ صرف میری ذمہ داری ہے بلکہ فرض سمجھتا ہوں ۔ اس موقع پر تلگو دیشم پارٹی قائدین ، جنا سمیتی قائدین چکہ گنگا ریڈی ، سی پی آئی قائدین کے علاوہ کانگریس پارٹی کی ضلعی صدر ، اے لکشمن کمار ، بنڈہ شنکر ، سابقہ بلدیہ چیرمین ، ٹی وجیہ لکشمی ، گری ناگا بھوشنم ، سراج الدین منصور ، مجیب الدین ، معز الدین ، اصغر محمد خاں کے علاوہ آر ٹی سی یونین کے قائدین اور ورکرس شامل تھے ۔۔