عدالت کے حکم کے مطابق گیان واپی مسجد احاطہ کا سروے، ویڈیو گرافی کرنے پہنچی ٹیم کے خلاف احتجاج

   

لکھنؤ: کاشی وشوناتھ دھام گیان واپی کی ویڈیو گرافی اور سروے کا کام آج ہو رہا ہے۔ گیان واپی احاطہ کے سروے کی مخالفت کرنے والے لوگوں نے ویڈیو گرافی اور سروے ٹیم کے خلاف احتجاج کیا۔ عدالت کے مقرر کردہ کمشنر اور ان کے ہمراہ ٹیم پہنچی، تو اس کاسخت احتجاج کیا گیا ۔ پولیس نے کسی طرح دونوں طرف کے لوگوں کو سمجھابجھاکر اور سڑک سے گلیوں میں ٹیم کو داخل کرایا۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ ہر جگہ کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی کے سیکرٹری ایس ایس یاسین پہلے ہی اس اقدام کی مخالفت کا اعلان کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ گیان واپی میںکسی کو بھی ویڈیو گرافی اور سروے کے لیے احاطہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ تاہم انتظامیہ کمیٹی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں گے ،لیکن اگر کچھ مختلف ہوا تو شکایت کریں گے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس چوکس ہے۔سیول جج سینئر ڈویژن کی عدالت سے مقرر کردہ کورٹ کمشنر سینئر وکیل اجے کمار مشرا سروے کرنے پہنچے تھے۔ سروے سے قبل دونوں فریق گاڑی کے ذریعے مسجد سے کچھ فاصلے پر واقع چوک تھانے پہنچ گئے۔ وہاں سے ٹیم سروے کے لیے پہنچی۔