سپریم کورٹ کی برہمی پر سوشل سائنس کی کتاب واپس لے لی گئی
نئی دہلی ۔26؍فروری ( ایجنسیز )نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے معافی مانگی ہے اور کلاس آٹھ کی نئی ریلیز ہوئی سوشل سائنس کی کتاب کی تقسیم واپس لے لی ہے۔ این سی ای آر ٹی کے مطابق کتاب کے ایک باب میں متن میں غلط مواد اور فیصلے میں غلطی پائی پائی گئی ہے۔ایک پریس بیان میں این سی ای آر ٹی نے کہا کہ کلاس آٹھ کی سوشل سائنس کی نصابی کتاب ‘ایکسپلورنگ سوسائٹی: انڈیا اینڈ بیونڈ، ویلیوم 2‘ 24 فروری 2026 کو جاری کی گئی تھی لیکن کتاب ملنے کے بعد پتہ چلا کہ متن میں کچھ مواد اور فیصلے کی غلطی نادانستہ طور پر چیپٹر نمبر چار جس کا عنوان ‘ہمارے سماج میں عدلیہ کا کردار’ (صفحہ 125۔142) تھا، میں آ گئی تھیں۔محکمہ ا سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی (وزارت تعلیم) نے بھی اسی نوعیت کا ایک تبصرہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ اگلے نوٹس تک کتاب کی تقسیم پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے۔ این سی ای آر ٹی نے کہا کہ محکمے کی اس ہدایت کی تعمیل کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ غلطی مکمل طور پر نادانستہ تھی اور این سی ای آر ٹی کو اس باب میں غلط مواد شامل کرنے پر افسوس ہے۔این سی ای آر ٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نئی نصابی کتب کا مقصد طلباء کی آئینی خواندگی، آئین کا احترام اور جمہوری شراکت کے بارے میں سمجھ بوجھ کو مضبوط کرنا ہے۔ ان کا کسی بھی آئینی ادارے کے اختیارات پر سوال اٹھانے یا اسے کمزور کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ قبل ازیںسوریہ کانت نے کی نصابی کتاب کے ایک حصے سے متعلق معاملے کو گہری سازش اور منصوبہ بند کارروائی قرار دیا۔جمعرات کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ آن لائن دستیاب متعلقہ سیکشن کے پی ڈی ایف ورژن کو ہٹا دیا جائے۔ سی جے آئی نے اشارہ کیا کہ عدالت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے سکتی ہے اور خبردار کیا کہ ان لوگوں کو سزا ملنی چاہیے۔