عدل ،اعتدال و احسان پر مشتمل معاشرہ کے لئے موـثر تعلیم نا گزیر

   

اردو یونیورسٹی میں دینی مدارس کے اساتذہ کا اورینٹیشن ۔ ڈاکٹر عقیل احمد ، ڈاکٹر اسلم پرویز کا خطاب
حیدرآباد، 10؍ جنوری (پریس نوٹ) کسی بھی قوم کی تر قی کے لئے موثر تعلیم ناگزیر ہے اور سائنس و تکنا لو جی کے ذریعہ قوموں کی تر قی کی راہ ہموار ہو تی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر شیخ عقیل احمد، ڈائرکٹر، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ( این سی پی یو ایل) نے اساتذہ کے تر بیتی پروگرام کی افتتا ح کے موقع پر یہاں آج کیا۔مر کز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذۂ اردو ذریعۂ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)، مانو اور این سی پی یو ایل کے اشتراک سے مدارس کے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کی افتتا حی تقریب میں کرتے ہوئے کہا کہ تدریس ایک فن ہے اور کا میاب معلم بننے کے لئے با صلاحیت ہو نے کے ساتھ تدریس کے فن سے واقفیت نا گزیر ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ادب کے ساتھ زبان کے فروغ پر بھی پوری توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔مدارس کو دینی تعلیم کے ساتھ سائنس و تکنا لو جی سے استفادہ کرنا چاہئے تا کہ قوم کی تر قی کی راہ ہموار ہو۔انہوں نے کہا کہ اردو زبان کو مساجد کے ذریعہ اور گلی کو چوں میں بھی فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے ادب اطفال کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی مقاصد حاصل کرنے کے لئے بدلتی ہوئی صورت ِ حال کے مطابق تدریس ہو نی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اردو طلبہ کے پاس اہلیتی امتحان کامیاب نہ ہونے کے باعث اساتذہ کی جائیدادیں پر نہیں ہو رہی ہیں۔ اس کے لیے اردو یونیورسٹی ریاستی اہلیتی امتحان کی کوچنگ کا نظم کرے تو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اورینٹیشن پروگرام مقامی اساتذہ کے لیے آئندہ دیگر ریاستوں کے اساتذہ کے لیے بھی پروگرام منعقد کیے جاسکتے ہیں۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز،شیخ الجامعہ ،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کہا کہ عدل،اعتدال اور احسان پر مشتمل معاشرے کی تشکیل کے لئے موثر تعلیم نا گزیر ہے۔انہوں نے علوم کی تقسیم پر اعتراض کر تے ہوئے کہا کہ علم حاصل کرنا فرض ہے اور کائنات کی نشانیوں کو سمجھنے کے لئے تعلیم و تفہیم ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سوال پوچھے جانے کی حوصلہ افزائی ہو نی چاہیے اور معلم کو مثالوں کے ذریعہ ہر سوال کا اطمینان بخش جواب دینے کی کوشش کر نی چاہیے۔ انہوں نے علم کو معرفت الٰہی کا وسیلہ قرار دیتے ہوئے اساتذہ کو شخصیت سازی اور افراد سازی پر توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کی۔ پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم، ڈائرکٹر(انچارج) ، (سی پی ڈی یو ایم ٹی)،مانو نے خیر مقدمی کلمات پیش کئے اور تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔افتتاحی اجلاس کی کاروائی مصباح انظر ،اسسٹنٹ پروفیسر نے چلائی اور ہدیہ تشکر ڈاکٹر محمد اکبر نے پیش کیا۔