عدم ادائیگی پر انیل امبانی کو جیل بھیجنے ایرکسن کا مطالبہ

   

ممبئی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹیلی کام کے ساز و سامان بنانے والی کمپنی ایرکسن نے ریلائنس کمیونکیشن کے چیرمین انیل امبانی کے خلاف سپریم کورٹ میں تحقیر عدالت کی اپنی دوسری پٹیشن داخل کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ اُنھیں جیل میں محروس کیا جائے اور سمندر پار سفر سے روک دیا جائے تاوقتیکہ وہ سویڈن کی کمپنی کو واجب الادا 550 کروڑ روپئے کی ادائیگی کو یقینی نہیں بناتے۔ علیحدہ طور پر ریلائنس کمیونکیشنس نے فاضل عدالت میں محکمہ مواصلات کے خلاف تحقیر عدالت کی کارروائی شروع کرتے ہوئے اُسے مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ اسپکٹرم کی فروخت میں تاخیر کی مرتکب ہوئی جو ایرکسن اور دیگر قرض دہندگان کو ادا شدنی بقایا جات میں معاون ہوتی۔ امبانی نے عدالت میں شخصی ضمانت دی تھی اور ایرکسن کو 550 کروڑ روپئے کی بروقت ادائیگی کا وعدہ کیا تھا۔ سویڈن کی کمپنی نے کہاکہ امبانی کو ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دینا چاہئے اور بقایا جات کی ادائیگی تک اُنھیں جیل میں محروس کیا جانا چاہئے۔