عدم تقررات کے سبب بے روزگار نوجوان سڑکوں پر

   

نارائن پیٹ میں یوتھ کانگریس کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت: کے رویندر ریڈی

نارائن پیٹ۔ نارائن پیٹ ضلع مستقر پر آج یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے ایم ایل اے کیمپ آفس کے روبرو زبردست دھرنا منظم کیا جس کو پولیس نے ناکام بنادیااور یوتھ کانگریس قائدین کو گرفتار کرلیا۔ آج صبح یوتھ کانگریس نارائن پیٹ ضلعی صدر کوٹلہ رویندر ریڈی ، روی نائیک کی قیادت میں یوتھ کانگریس کے کئی نوجوان قائدین نے اچانک ایم ایل اے کیمپ آفس پر دھرنا منظم کیا۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے دھرنے پر بیٹھے ان قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن پہنچا یا۔ کوٹلہ رویندر ریڈی نے اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت تقریباً 8 سال سے بے روزگار نوجوانوں کو نوکریوں پر تقررات عمل میں نہیں لارہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں اور سڑکوں پر گھومنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے مخلوعہ سرکاری نوکریوں پر نوجوانوں کو بھرتی نہ کرنے سے آئے دن نوجوان خودکشی پر مجبور ہورہے ہیں ۔ انہوں نے پولیس ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کانگریس کی جانب سے پُرامن احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو پولیس زبردستی گرفتار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے رویہ کے خلاف یوتھ کانگریس ریاست گیر سطح پر احتجاج میں شدت پیدا کرے گی۔