اولادکی لاپرواہی پر قانونی کارروائی کا انتباہ، خاتون جج کا مثالی اقدام
یلاریڈی۔ ضعیف العمر ماں باپ کی صحیح طریقہ سے اگراولاد دیکھ بھال نہ کرے گی تو قانونی کارروائی کرنے کا یلاریڈی منصف مجسٹریٹ شرمتی انیتا نے انتباہ دیا۔ ماں باپ کو گھر کے باہر رکھنا، غذاء نہ دینا، جائیداد کیلئے ہراساں کرنا تمام جرم ہیں۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے اجیا پلی سے تعلق رکھنے والے ضعیف العمر آشیا نے یلاریڈی عدالت کے وکیل نوید پرویز کو اولاد کی نظراندازی و لاپرواہی سے واقف کروایا۔ جس پر نوید پرویز نے اس بات کو منصف مجسٹریٹ شریمتی انیتا کے سامنے رکھا۔جس کے بعد منصف مجسٹریٹ نے سختی سے نوٹ لیتے ہوئے آشیا کو طلب کرتے ہوئے شکایت وصول کی۔ آشیا نے بتایا کہ اسے چھ بیٹے ہیں اور ایک بھی بیٹا دیکھ بھال نہیں کررہا ہے۔ غذا نہیں دینے کی منصف مجسٹریٹ سے شکایت کی اور ساڑھے تین ایکر موجود اراضی کو تقسیم کرنے کیلئے ہراساں کررہے ہیں۔ جس پر آشیا کے افراد خاندان کو منصف مجسٹریٹ نے عدالت طلب کرتے ہوئے آشیاء کی بیوی کو بھی بلوایا اور دکھ بھری عدم توجہ کی داستان سنی، ضعیف العمر ماں باپ کے بیٹے اور افراد خاندان کو تاکید کی کہ ماں باپ کو گھر کے باہر نہ رکھا جائے، جائیداد کیلئے کوئی ہراساں نہ کریں اور وقت پر انہیں غذا دینے کی ہدایت دی۔ ورنہ قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ جس کے بعد افراد خاندان نے معافی مانگی جس پر ضعیف ماں باپ کو ان کے حوالے کیا گیا۔ عدم توجہ کا شکار معمر افراد کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرکے منصف مجسٹریٹ مثال قائم کررہی ہیں۔
