کووڈ مریضوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا، خانگی دواخانہ کے ڈاکٹرس کا علاج سے گریز
کاماریڈی ۔ کووڈ کے باعث سب انسپکٹر مسٹر گنپتی کا آج لائف لائن ہاسپٹل حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔ یہ گزشتہ چند دنوں سے کووڈ کے مرض میں مبتلا ہونے پر انہیں بہتر علاج کے لئے حیدرآباد منتقل کیا گیا تھا۔ لیکن یہ علاج کے دوران فوت ہوگئے۔ کاماریڈی ضلع میں کووڈ کی وباء میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ہر روز کووڈ کی وجہ سے کئی افراد فوت ہوتے جارہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کووڈ سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث عوام کو حیدرآباد کا رخ کرنا پڑ رہا ہے اور خاص طور سے غریب اور متوسط طبقہ کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ خانگی ہاسپٹل میں علاج کروانا غریب متوسط طبقہ کے لئے ناممکن ہے۔ سرکاری دواخانہ میں جملہ 40 بستر ہیں۔ خانگی دواخانہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے منظور کردہ بیڈس پر بھرتی سے گریز کیا جارہا ہے۔ کاماریڈی میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے جملہ 140 بستر ہیں اور خانگی دواخانوں میں 262 بستر ہیں۔ اس کے باوجود خانگی دواخانوں میں بھرتی سے گریز کیا جارہا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر روز بلیٹین میں اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں لیکن رپورٹ اس کے برخلاف ہے۔ کاماریڈی، ضلع میں کووڈ کی لہر شدت اختیار کرچکی ہے۔ اس پر قابو پانے کے لئے ابھی تک کوئی خاص انتظامات نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو انتہائی تکالیف سے گذرنا پڑ رہا ہے۔