عدن پر قبضہ کرلیا گیا ‘ یمنی باغیوںکا اعلان

   

صنعا 26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے جنوب میں سرگرم علیحدگی پسندوں نے آج ملک کی بین الاقوامی طور پر مسلمہ حکومت کے ساتھ اپنا امن معاہدہ ختم کردیا ہے اور دعوی کیا ہے کہ اس نے دارالحکومت عدن پر مکمل قبضہ کرلیا ہے ۔ اس طرح یہاں دونوں فریقین کے مابین لڑائی کے اندیشے بڑھ گئے ہیں۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے علیحدگی پسند جنوبی عبوری کونسل نے اعلان کیا کہ ملک میں ایمرجنسی رہے گی اور وہ اپنے طور پر حکومت کریگی ۔ عدن پر اس کا قبضہ مکمل ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ جنوبی صوبوں پر بھی اس کا کنٹرول ہے ۔ اس کونسل کو متحدہ عرب اماراتکی تائید حاصل ہے ۔ کونسل نے یمنی حکومت پر کرپشن اور غلط انتظامات کے الزامات عائد کئے ہیں۔ یمن کی حکومت کو سعودی عرب کی تائید و حمایت حاصل ہے ۔ بین الاقوامی طور پر مسلمہ حکومت نے ابھی تک علیحدگی پسند کونسل کے اعلان پر کسی طرح کے رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ ان دو سابقہ حلیفوں میں اختلافات سے ملک میں پہلے سے چل رہی پیچیدہ خانہ جنگی کی صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے ۔ ایک جانب علیحدگی پسند کونسل ہے تو دوسری جانب سابق صدر عبدالرب منصور ہادی کی افواج ہے۔ ان دونوں نے یمن کے شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف لڑائی میں سعودی عرب کی قیادت میں مشترکہ حصہ لیا تھا ۔