عراقچی کا محمد بن سلمان سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

   

جدہ: 9 جولائی (یو این آئی) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو جدہ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال سے نمٹنے کی جاری کوششوں کے سلسلے کا حصہ تھی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقچی نے سعودیہ اور ایران کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور خطے کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی ولی عہد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان موجودہ جنگ بندی معاہدہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام کے فروغ کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے تنازعات کو حل کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت انتہائی اہم ہے ۔اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت پر سعودی عرب کے مؤقف پر شکریہ ادا کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ولی عہد کی ذاتی کوششوں کو سراہا۔اس سے قبل منگل کو ہی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مکہ مکرمہ میں اپنے ایرانی ہم منصب کا استقبال کیا، جہاں دونوں وزراء نے دو طرفہ تعلقات اور خطے میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔