عراقی مسلح گروپس اسرائیل کے خلاف میدان میں اترنے کیلئے تیار

,

   

غزہ کا تشدد لبنان تک پھیلنے کا خطرہ ،اتحادیوں کا صلاحیتوں کے ساتھ وفاداری کا بھی امتحان

بغداد: جیسے ہی غزہ میں جنگ چھڑ رہی ہے اور لبنان تک پھیلنے کا خطرہ ہے، عراقی عسکریت پسند گروپوں نے خبردارکیا ہے کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ عراق میں اسلامی مزاحمت کے ایک فیلڈکمانڈر نے کہا کہ لبنان میں مکمل جنگ کی صورت میں تشدد میں اضافہ ہوگا۔ کمانڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ گروپ پہلے ہی لبنان میں ماہرین اور مشیر بھیج چکے ہیں۔ عراقی ماہر سیاسیات علی البیدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسرائیل اور لبنان کی حزب اللہ کے درمیان ایک بڑی جنگ، اگر یہ ہوتی ہے، تو لبنانی سرزمین تک محدود نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا، عراق اور خطے میں مسلح گروہ محاذ آرائی میں داخل ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے اتحادیوں کو اپنی صلاحیتوں، بلکہ اپنی وفاداری بھی دکھانا چاہیں گے۔ غزہ کی اب تک کی سب سے خونریز جنگ اس وقت شروع ہوئی جب7 اکتوبر کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس نے جنوبی اسرائیل پر حملہ کیا۔ یہ تنازعہ تیزی سے وسیع ہوگیا اور کئی ایران نواز مسلح گروپوں کو محورِ مزاحمت میں شامل کر لیا جو فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ مطالبہ کر رہے تھے۔ اس اتحاد میں لبنان کی حزب اللہ اور یمن کے حوثی باغی شامل ہیں، جنہوں نے اسرائیل اور اسرائیل سے منسلک جہاز رانی پر حملہ کیا ہے، بلکہ شام اور عراق میں مسلح گروپ بھی شامل ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں عراق میں اسلامی مزاحمت نے اسرائیل میں اہداف کے خلاف ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، اور ان میں سے کئی کو حوثیوں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کا نام دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کسی حملہ آور کا نام لیے بغیر اپریل کے بعد مشرق سے کئی فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے لیکن کہا ہے کہ ان سب کو اس کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا ۔ عراق میں اسلامی مزاحمت نے پہلے بھی حملے شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔