بغداد : عراقی دارالحکومت بغداد میں انتہائی سیکورٹی والے گرین زون میں واقع امریکی سفارتی اور عسکری تنصیبات نشانہ بناکر دو راکٹ داغے گئے جب کہ بغداد ہوائی اڈے کے نزدیک بھی ایک راکٹ گرا۔بغداد ہوائی اڈے کے قریب ہی امریکی فوجی اڈہ قائم ہے۔ گزشتہ اکتوبر سے اب تک عراق میں امریکی سفارت کاروں اور فوجیوں کو نشانہ بنا کر تقریباً تین درجن میزائل حملے کیے جا چکے ہیں۔ امریکہ ان حملوں کے لیے ایران نواز مسلح گروپوں کو مورد الزام ٹھہراتا رہا ہے۔عراقی فوج نے آج پیر کو کہا کہ کوئی راکٹ حملہ نہیں ہوا ہے۔ تاہم گزشتہ روز اس نے کہا تھا کہ ایک راکٹ حملہ انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں ہوا،جہاں امریکی سفارت خانہ موجود ہے جب کہ دوسرا راکٹ حملہ بغداد ہوائی اڈے کے قریب تاجی فوجی اڈے کو نشانہ بنا کرکیا گیا تھا، جسے ناکام بنادیا گیا۔ عراقی فوج کے مطابق راکٹ گرین زون سے کچھ دور واقع ایک گھر کے پاس گرا جس میں ایک بچہ زخمی ہوگیا اور گھر کو نقصان پہنچا۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اکتوبر سے اب تک عراق میں امریکی سفارت کاروں اور سکیورٹی فورسز پر تین درجن سے زائد میزائل حملے ہوچکے ہے۔ امریکہ اس کے لیے ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں کو ذمہ دارقرار دیتا ہے۔