بغداد ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے مقدس شہر کربلا میں ایرانی قونصل خانے کے نزدیک رات گئے 3 مظاہرین کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شعبہ فرانزیک کے سربراہ نے بتایا کہ کربلا میں سیکیورٹی فورسز نے قونصل خانے کی دیوار پر چڑھنے اور اسے آگ لگانے کی کوشش کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست گولہ بارود چلایا۔خبررساں ادارے کے نمائندے خود اس بات کی مشاہدہ کیا کہ گولیاں لگنے کے باعث مظاہرین نے پیش قدمی چھوڑدی جس کے بعد شعبہ فرانزک میڈیسن نے اس بات ک تصدیق کی کہ 3 افراد گولی لگنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔خیال رہے کہ کربلا میں اتوار کی رات مظاہرین کی جانب سے ایران کے قونصل خانے کے اطراف میں لگائے گئے بلاکس پر عراقی پرچم لٹکا دیے گئے اور اسپرے پینٹ سے لکھا گیا کہ کربلا آزاد ہے، ایران جاؤ یہاں سے ، جاؤ یہاں سے‘۔دیگر مظاہرین نے قونصل خانے کی دیوار پر پتھر اور آتش بازی کا مواد پھینکا اورجب پولیس پہنچی تو عمارت کے گیٹ پر موجود ٹائروں کو آگ لگادی بعدازاں جب مظاہرین کی تعداد میں اضافہ ہوا تو شدید فائرنگ اور آنسو گیس کے شیل برسائے گئے۔
