بغداد : عراق میں العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کی نامہ نگار کے مطابق دیالی صوبے کے شمال میں داعش تنظیم نے حملہ کر کے 11 عراقی فوجیوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ حملہ کے بعد عراقی فوج کی بھاری جمعیت کو العظیم ضلع کی سمت بھیج دیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق وزارت دفاع کا ایک اعلی سطح کا وفد فوجیوں کے اس قتل عام کی تفصیلات جاننے کے لیے جائے وقوع کی طرف روانہ ہو گیا۔ علاوہ ازیں واقعے کی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔اس سے قبل سیکورٹی میڈیا سیل نے اعلان کیا تھا کہ دیالی آپریشن کی کمان کے تحت مختلف کارروائیوں میں دہشت گردوں کے تین اڈوں کو پتہ چلایا گیا۔ ان اڈوں سے دھماکہ خیز مواد ، مارٹر گولے ، 9 راکٹ اور شدید دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں باردوی بیلٹیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔