متعدد ایر لائنس کا ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے گریز
بیروت ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکی ڈرون طیارے کو ایران کی طرف سے نشانہ بنائے جانے کے واقعہ کے بعد متعدد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے اپنے جہازوں کو ایران کی فضائی حدود سے گزرنے سے منع کر دیا ہے دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ امریکہ نے عراق میں کام کرنے والے اپنے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا ہے۔خلیج کی بڑی فضائی کمپنی اتحاد ایئر لائنز نے بھی اپنے طیاروں کو آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کے اوپر سے گزرنے سے روک دیا ہے۔ایران کی سول ایویشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایران کی فضائی حدود مکمل طور پر محفوظ ہیں۔امریکی ڈرون طیارے کے مار گرائے جانے کے بعد سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے دوسرے طرف ایران بھی ان دھمکیوں کا ترکی بہ ترکی جواب دے رہا ہے۔اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اندر تین اہداف کو نشانہ بنانے کا حکم بھی دے دیا تھا لیکن اس کو آخر لمحے میں خود ہی واپس لے لیا۔
بغداد کی مسجد میں خود کش حملہ، 10 جاں بحق
بغداد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عراقی دارالحکومت بغداد میں بعد از نماز ِ جمعہ کیے گئے خود کش حملے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔مقامی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق مشرقی بغداد کے علاقے بلدیات کی جامع مسجد الا منتظر میں داخل ہونے والے خود کش حملہ آور نے اپنے جسم پر باندھیبم کو ہوا میں اڑا دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس حملے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی کی نسبت پر سکون ماحول سے گزرنے والے بغداد میں اب کچھ مدت سے عبادتگاہوں کو ہدف بنانے والے اس قسم کے دہشت گرد حملے ہو رہے ہیں۔