تہران ۔15جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق میں ایک ایسے فضائی اڈے پر منگل کی رات راکٹوں سے حملے کیے گئے، جہاں امریکی فوجی دستے تعینات ہیں۔ ان حملوں سے صرف دو روز قبل مشرق وسطیٰ کی اس ریاست میں ایک اور فضائی اڈے پر بھی ایسے ہی حملے کیے گئے تھے۔ عراقی فوج نے بتایا کہ کئی کاٹیوشا راکٹوں سے جس تاجی ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا، وہ ملکی دارالحکومت بغداد سے تیس کلومیٹر شمال کی طرف واقع ہے۔ عراقی فوج کے مطابق ان راکٹ حملوں میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ان حملوں کے بعد عراق میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف امریکہ کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک ’چھوٹا‘ حملہ تھا، جس سے اس فوجی اتحاد کے کسی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔