بغداد: امریکی وزارت دفاع پینٹگان کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے اپنے امریکی ہم منصب جیمز آسٹن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ بات چیت میں دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران نواز مسلح عناصر کا عراق میں امریکی افواج پر کوئی بھی حملہ سنگین جارحیت ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق قومی سیکورٹی کی ٹیم نے امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی نائب کملا ہیرس کو مشرق وسطی کے تازہ ترین حالات سے آگاہ کیا۔ ان میں ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے امریکی افواج کیلئے پیدا کیے جانے والے خطرات بھی شامل ہیں۔بائیڈن اور کملا کو امریکہ کی تازہ ترین فوجی کوششوں سے آگاہ کیا گیا جو اسرائیل کو دوبارہ حملے کا نشانہ بنائے جانے کی صورت میں اس کا دفاع مضبوط بنانے کیلئے کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں خطے میں کشیدگی کو ٹھنڈا کرنے اور فائر بندی کیلئے جاری سفارتی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔اس سے قبل پینٹاگان کے ترجمان نے ایک اعلان میں بتایا تھا کہ پیر کے روز عراق میں “عین الاسد” فوجی اڈے پر راکٹ حملے میں کئی امریکی فوجی زخمی ہو گئے۔غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس تنظیم کے درمیان جنگ چھڑنے کے بعد سے عراق میں امریکی و اتحادی افواج پر حملوں میں تیزی آ گئی۔ تاہم بعد ازاں ان میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔