عراق میں ایرانی اسلحہ کی بڑی مقدار منتقل ، امریکی دعویٰ

   

واشنگٹن: ایک امریکی فوجی عہدیدار نے چہارشنبہ کوکہا ہیکہ ان کے ملک نے حال ہی میں ایران سے عراق تک اسلحہ کی سپلائی کا غیرمعمولی بہاو ملاحظہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ عراقی ملیشیا نے قدس فورس کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قدس فورس نے عراقی ملیشیا کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عراق کی صورتحال خطرناک ہے اور یہ خطرات سنگین ہیں۔گذشتہ ہفتے عراقی دارالحکومت میں انتہائی سیکیورٹی والے علاقے ’گرین زون‘ جہاں سرکاری اداروں کے دفاتر اور بین الاقوامی مشن واقع ہیں میں کئی راکٹ حملے کیے گئے۔بغداد میں امریکی سفارتخانے نے اعلان کیا ہیکہ اس حساس علاقے کو محفوظ بنانے کیلئے امریکہ نے عراقی فوج کو 30 ’’بکتر بند‘‘ گاڑیاں فراہم کی ہیں۔ امریکی سفارتخانہ اور گرین زون ماضی میں متعدد بار کاتیوشا راکٹوں کا نشانہ بن چکا ہے۔سفارتخانہ نے چہارشنبہ کواپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا ہیکہ امریکہ عراقی فوج کو عراق اور بغداد کی سلامتی کو برقرار رکھنے میں مدد کیلئے پرعزم ہے۔ اس مقصد کیلئے سوموار کو بین الاقوامی زون کو محفوظ بنانے میں 30بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئیں۔