بغداد، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں اکتوبر سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 319 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔عراق میڈیا نے اس کی اطلاع دی۔عراقی نیوز ایجنسی کے مطابق عراق میں سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور مظاہرین سمیت مرنے والوں کی تعداد 319 ہوگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق انسانی حقوق کے ہائی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں 13 سیکورٹی اہلکار شامل ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ان مظاہروں میں سلامتی اہلکار اور مظاہرین سمیت 15000 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ عراق میں اکتوبر سے حکومت کو برخاست کرنے ، کرپشن پر لگام لگانے ، اقتصادی اصلاحات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے کئی مطالبات کے سلسلے میں احتجاج ہو رہے ہیں۔ تشدد کے پیش نظر عراقی حکومت نے بغداد سمیت دیگر شہروں میں کرفیو نافذ کردیا تھا اور انٹرنیٹ خدمات بھی بند کردی تھیں۔
