بغداد ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد عراق میں چہارشنبہ کی رات نئی حکومت قائم ہو گئی ہے۔ بغداد میں پارلیمان نے وزیر اعظم مصطفٰی خادمی کے سربراہی میں ایک نئی کابینہ کی منظوری دی۔ خادمی عراقی خفیہ ادارے کے سابق سربراہ رہ چکے ہیں۔ انہیں اپریل کے اوائل میں اس منصب کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ کابینہ پندرہ وزراء پر مشتمل ہے۔ سات وزارتیں ابھی خالی ہیں، جن میں اہم ترین وزارت تیل اور خارجہ بھی شامل ہیں۔ خادمی سے قبل دو اور امیدوار حکومت بنانے کی کوشش کر چکے ہیں۔