عراق میں پولیو سے بچاؤ کے لئے وسیع مہم

   

بغداد ، 28 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) عراق میں طبی افسروں نے ، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور اقوام متحدہ کے چائلڈ فنڈ (یونیسف) کے ساتھ مل کر پانچ سال تک کی عمر کے 31 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے پولیو ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا ہے ۔اس پانچ روزہ مہم میں ، عراق کے 65 اضلاع میں بچوں کو پولیو کی دوا پلائی جائے گی۔عراق کے لئے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ادھم اسماعیل نے کہا ، ‘‘گزشتہ برسوں کے دوران ، ڈبلیو ایچ او ، عراق کی وزارت صحت اور یونیسف نے ملک میں پولیو سے بچاؤ کے لئے پولیو ٹیکاکاری کے کام کو بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کی ہے ۔
لہذا یہ ضروری ہے کہ ہم بچوں کو پولیو جیسی بیماری سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے کام کرتے رہیں اور ہم عراق کو پولیو سے پاک رکھیں۔انہوں نے کہا ، ‘‘مہم کے اس دوسرے مرحلے کے دوران ، ہم پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں تک پہنچنا چاہتے ہیں ، چاہے انہیں پچھلی بار دوائی پلائی گئی ہو یا نہیں۔ کوئی بچہ ، کہیں بھی ہو، وہ چھوٹے گا نہیں ۔اس دوران، عراق کے لئے یونیسف کی نمائندہ حمیدہ لاسکو نے کہا ، ‘‘یہ ٹیکہ اندازی بچوں کو بیماریوں سے بچانے میں ڈھال کا کام کرتی ہے اور عراق میں ہر سال ہزاروں بچوں کی جانیں بچاتی ہے ۔’’یونیسیف زیادہ سے زیادہ بچوں تک پولیو کی دوائیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مستقل کوشش کر رہا ہے ۔ستمبر میں عراق میں اس مہم کے پہلے مرحلے میں ، 26 لاکھ بچوں کو پولیو کی دوا پلائی گئی تھی۔