بغداد : عراق کے شمالی شہر کرکوک میں ہفتے کے روز مظاہروں کے دوران میں جھڑپوں میں ایک شہری ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔مقامی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹر زیاد خلف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک شخص کی شناخت اور حالات فوری طور پر واضح نہیں۔ زخمی ہونے والے افراد کو گولیوں، پتھروں یا شیشے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔زخمیوں میں سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔کرکوک پولیس کے ترجمان عامر شوانی نے بھی علاقائی نشریاتی ادارے کردستان 24 سے گفتگو میں ایک ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔کرکوک میں حکام نے کرفیو نافذ کر دیا تھا اور پولیس کو بفرکے طور پر متحارب فریقوں کے مظاہروں کو روکنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ایک طرف کرد باشندوں نے احتجاجی ریلی نکالی تھی جبکہ دوسری طرف ترکمن اور عرب باشندے احتجاج کررہے تھے۔