عراق میں پھنسے تلنگانہ کے 16افرادواپس

   

حیدرآباد ۔ 15 فروری (یو این آئی) تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راماراو کی نمائندگی پر عراق میں پھنسے تلنگانہ کے 16افراد وطن واپس ہوگئے ۔ ان افراد میں ایک شخص 3فروری کو خرابی صحت کے سبب ہندوستان پہنچ گیا ہے جبکہ باقی15افراد ہفتہ کی صبح حیدرآباد پہنچ گئے ۔ یہ 16افراد نقلی ایجنٹ کے دھوکہ سے عراق روانہ ہوئے تھے جہاں انہیں ہر طرح سے پریشان کیا گیا۔ چار سال قبل یہ افراد عراق روانہ ہوئے تھے ۔ عراق میں پریشان حال ان افراد کی داستان وزیر تارک راما راو کے علم میں لائی گئی کیونکہ ایک شخص نے پریشانی سناتے ہوئے ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا جس پرفوری طورپر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر تارک راماراو نے تلنگانہ این آر آئی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان تمام افراد کو وطن واپس لانے کے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ وزیر موصوف کی ہدایت کے بعد تلنگانہ این آر آئی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے عراق میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کو اس کی اطلاع دی۔
اور وزارت خارجہ کے عہدیداروں کے تعاون سے ان تمام افراد کو ہندوستان واپس لانے کے کامیاب اقدامات کئے ۔ تلنگانہ این آر آئیز ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے مطابق ان 16 افراد کے خلاف زائد عرصہ تک عراق میں قیام کرنے پر دو کروڑ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیاتھالیکن وزارت خارجہ کی نمائندگی کے بعد ان کے جرمانے کو معاف کردیا گیا۔ ہفتہ کی صبح حیدرآباد پہنچنے کے بعد ان 15افراد کو این آرآئی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں اپنے اپنے آبائی مقامات روانہ کردیا گیا۔