واشنگٹن، 4 نومبر (یو این آئی) سابق امریکی نائب صدر اور 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے مرکزی معماروں میں سے ایک ڈک چینی 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ خاندان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈک چینی پیر کی رات نمونیا اور دل و خون کی نالیوں کی بیماریوں کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے سبب وفات پا گئے ۔ جو وائیومنگ کے سابق کانگریس مین اور وزیرِ دفاع رہنے والے ریپبلکن رہنما اس وقت پہلے ہی واشنگٹن کی طاقتور شخصیتوں میں شمار ہوتے تھے جب اُس وقت کے ٹیکساس کے گورنر جارج ڈبلیو بش نے انہیں 2000 کی صدارتی انتخابی مہم میں اپنا ساتھی اُمیدوار (رننگ میٹ) منتخب کیا تھا، جس میں بش کامیاب ہوئے تھے۔
2001 سے 2009 تک نائب صدر کی حیثیت سے ڈک چینی نے صدارتی اختیارات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔ ان کا خیال تھا کہ واٹرگیٹ اسکینڈل کے بعد صدر کے اختیارات کمزور ہو گئے تھے ، جس کی وجہ سے ان کے سابق باس رچرڈ نکسن اقتدار سے محروم ہوگئے تھے ۔ انہوں نے ایک قومی سلامتی کی ٹیم تشکیل دے کر نائب صدر کے دفتر کے اثر و رسوخ کو بھی بڑھایا تھا، جو اکثر انتظامیہ کے اندر خود ایک علیحدہ طاقت کا مرکز بن جاتی تھی۔