عراق کا عرب ملکوں کیلئے کھلے پن کا مظاہرہ

   

درست سمت میں اہم پیشرفت کا ادعا ، مذہبی رہنما مقتداء الصدرکا بیان

بغداد : عراق کے سرکردہ شیعہ رہ نما مقتداء الصدر نے ایک بیان میں وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دوروں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں خوش آئند قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عراق کا عرب ممالک کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ کرنا درست سمت میں اہم قدم ہے۔ایک بیان میں مقتداء الصدر نے کہا کہ عراق کا عرب ممالک کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ کرنا درست سمت میں اہم پیش رفت ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ‘عراق، سعودی عرب اور امارات آپس میں بھائی ہیں’۔مقتداء الصدر کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب عراقی وزیراعظم نے سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا ہے۔ مصطفی الکاظمی نے کل اتوار کے روز متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ابوظہبی کے ولیعہد اور مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ امارات ہمیشہ عراقی قومی اور اس کے مفادات کے تحفظ اور استحکام کا متمنی رہا ہے۔عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے کل اتوار کو اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ امارات کا دورہ کیا۔ ان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت نے سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت، تجارت، ٹرانسپورٹ، سروسز اور دوسرے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔وزیراعظم الکاظمی سعودی عرب کے سرکاری دورے کے بعد وطن واپس ہوگئے تھے۔ سعودی عرب کے دورے کے دوران انہوں نے مملکت کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے بھی طے پائے ہیں۔سعودی عرب کے دورے کے دوران مصطفی الکاظمی نے سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی تھی۔