بغداد : سرگل کا خوبصورت گاؤں عراقی کردستان کے پہاڑوں میں واقع ہے۔ شیروان سرگل جیسے اس گاؤں کے باسی کئی نسلوں سے اپنی روزی روٹی کے لیے انار، بادام اور آڑو کے باغات پر انحصار کرتے چلے آئے ہیں اور نہ صرف یہ بلکہ وہ آس پاس کے دیگر جنگلات سے جنگلی پھل اور مسالوں کے طور پر استعمال ہونے والی جڑی بوٹیاں جمع کرتے رہے ہیں۔ لیکن ترکی کی سرحد سے 16 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع سرگل نامی یہ گاؤں متعدد فوجی اڈوں سے گھرا ہوا ہے۔ ان میں سے ایک اڈہ، جو مغربی پہاڑی کے وسط میں واقع ہے، ایک بلند مقام سے گاؤں کی نگرانی کرتا ہے جبکہ دوسرا اڈہ مشرق کی جانب نگرانی کے لیے تعمیر کیا گیا ہے۔ گذشتہ دو سال کے دوران یہاں کم از کم سات مزید اڈے تعمیر کیے گئے ہیں، جن میں سے ایک چھوٹے سے ڈیم کے قریب ہے جو سرگل گاؤں کو پانی کی فراہمی میں مدد کرتا رہا ہے تاہم اب یہ علاقہ مکینوں کے لیے ناقابل رسائی ہو چکا ہے۔
