بغداد ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراقی حکومت کے پاس ملک کو درپیش اقتصادی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متعدد منصوبے موجود ہیں۔یہ بات عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے اتوار کو ایک بیان میں کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز نے قومی سلامتی کو بھی متاثر کیا ہے۔ان بحرانوں پر قابو پانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متعدد منصوبے حکومت کے زیرغور ہیں۔انھوں نے کہا کہ عراقی شہریوں کے وقار کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور تمام چیلنجز سے انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق نمٹا جائے گا۔تاہم وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی کو بھی عراقی سکیورٹی سروسز پرحملے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی اور انتظامی صورت حال کے حل کے لیے بہت جلد اصلاحات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔مصطفیٰ الکاظمی نے کہا کہ ’’اگر تمام فریق رابطے کے لیے تیار ہیں تو امریکہ کے ساتھ آج ہی مکالمے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ ہم عراق کو تنازع کا علاقہ نہیں بنانا چاہتے ہیں بلکہ اس کو امن کا علاقہ بنانا چاہتے ہیں۔