بغداد ۔ عراق میں پارلیمنٹ کے متعدد ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ ملک میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث پورا صحت نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد الحلبوسی نے کہا ہے کہ6 ارکان پارلیمنٹ نے مجھے خود فون کرکے کہا ہے کہ انہیں کورونا ہوگیا ہے۔ہمارا اندازہ ہے کہ 20 سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ کورونا کا شکار ہوں گے تاہم اس کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا ہے کہ اسی طرح پارلیمنٹ عملے کے28 ارکان وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن کا تعلق مختلف پیشوں سے ہے۔ ارکان کی موجودہ صورتحال کے باعث پارلیمنٹ اجلاس کا انعقاد ممکن نہیں،ہم سنگین مسئلے سے دوچار ہیں، پورا صحت نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ عراق میںکورونا کے 1646 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 87 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔