اسٹاک ہوم : عراق کے سابق وزیر دفاع نجاح الشمّری کو سویڈن پہنچنے پر مختصر وقت کیلئے گرفتار کر لیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ’سابق عراقی وزیر دفاع نجاح الشمری کو دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔پبلک پراسیکیوٹر جینس نیلسن نے اے ایف پی کو بتایا کہ نحاح الشمری کو پیر کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ سٹاک ہوم کے ارلینڈا ایئرپورٹ پر اترے۔ جینس نیلسن نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں نجاح الشمری کو حراست میں لینے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ انہوں نے اپنے وکیل کے ساتھ یہ معاہدہ کیا ہوا تھا کہ وہ اگلے دن پوچھ گچھ کے لیے پیش ہوں گے۔جینس نیلسن نے اے ایف پی کو ایک ای میل میں بتایا کہ ’سابق عراقی وزیر دفاع پر دھوکہ دہی سے فوائد حاصل کرنے کا شبہ ہے۔‘ 2019 میں سویڈش میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ سابق وزیر عراق میں رہنے اور کام کرنے کے باوجود سویڈن سے ہاؤسنگ اور بچوں کے لیے مخصوص سہولیات کی مد میں فوائد حاصل کرنے کے لیے زیرِتفتیش تھے۔