عراق کے کورونا ہاسپٹل میں آتشزدگی‘ 64افراد جاں بحق

,

   

Ferty9 Clinic

بغداد:عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میںکورونا وائرس کے علاج کیلئے بنائے گئے ایک ہاسپٹل میں پیر کو آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں کم از کم 64افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے جبکہ تقریباً 100 زخمی ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے ذمہ دار حکام کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔عراق کے صحت اور پولیس حکام نیہاسپٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر آکسیجن سلینڈر کے دھماکہ کے باعث لگی ہے۔واقعے کے بعد محکمہ صحت کا عملہ جھلسے ہوئے افراد کو ہاسپٹل سے باہر نکالتا رہا۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق الحسین کورونا وائرس ہاسپٹل میں آگ پر قابو پانے کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے۔ البتہ دھویں اور بدبو کے باعث متاثرہ وارڈز میں امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے اموات میں اضافہ کا اندیشہ ہے کیوں کہ متعدد مریض اب بھی لاپتہ ہیں۔ ان کے بقول مرنے والوں میں طبی عملے کے دو افراد بھی شامل ہیں۔ اس دوران مشتعل افراد نے سیکیورٹی اہلکاروں سے تصادم کے بعد پولیس کی دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا۔ ادھر وزیرِ اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق واقعہ پر وزیرِ اعظم نے سینیئر وزرا سے ملاقات کی ہے اور ناصریہ کے محکمہ صحت اور سیول ڈیفنس کے حکام کو معطل اور گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ بیان کے مطابق اسپتال کے منیجر کو بھی معطل کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ خیال رہے کہ عراق کا نظامِ صحت کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں دباؤ کا شکار ہے اور ملک میں اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 17 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔