عرب امارات میں ہندوستانی سفیر کو اعلی ترین ایوارڈ

   

Ferty9 Clinic

دوبئی 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات نے سبکدوش ہونے والے ہندوستانی سفیر نودیپ سنگھ سوری کو فرسٹ کلاس آر ڈر آف زید II ایوارڈ سے سرفراز کیا ہے ۔ اس ایوارڈ کے ذریعہ امارات نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات و تعاون کو مستحکم کرنے میں نودیپ سنگھ سوری کی خدمات کا اعتراف کیا ہے ۔ ایک میڈیا رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النیہان نے یہ ایوارڈ سوری کو پیش کیا ہے جو اکٹوبر 2016 سے متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ ان کے دور میں وزیر اعظم نریندر مودی نے دو مرتبہ دوبئی کا دورہ کیا تھا ۔ خلیج ٹائمز نے یہ اطلاع دی ۔ آرڈر آف زید ایوارڈ عرب امارات کا اعلی ترین سیول ایوارڈ ہے جو زید بن سلطان النیہان کے نام سے معنون ہے ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان نے یہ ایوارڈ ایک تقریبا میں پیر کو نودیپ سنگھ سوری کے حوالے کیا تھا ۔ شیخ عبداللہ نے متحدہ عرب امارات ۔ ہندوستان تعلقات میں استحکام کیلئے بھی سوری کی کوششوں کی ستائش کی ہے ۔ سوری نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے علاقائی و عالمی مسائل میں ان کے رول اور ان کی پالیسیوں کی ستائش کی تھی اور اس اعزاز پر اظہار تشکر کیا ہے ۔