عرب لیگ کا 12 سال بعد شام کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ

   

قاہرہ : شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے ایک دہائی سے زیادہ کی معطلی کے بعد شام کو دوبارہ اتحاد میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا کے مطابق اس فیصلے کا اعلان عرب لیگ کے ترجمان نے کیا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شام فوری طور پر عرب لیگ کے اجلاسوں میں دوبارہ شرکت کر سکتا ہے، اس میں شام کی خانہ جنگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے حل پر زور دیا گیا ہے، ان بحرانوں میں پناہ گزینوں کی ہمسایہ ممالک کی جانب پروازیں اور خطے میں منشیات کی اسمگلنگ شامل ہے۔ سیکریٹری جنرل عرب لیگ کے ترجمان جمال روشدی نے کہا کہ یہ فیصلہ قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹرز میں وزرائے خارجہ کے ایک بند کمرہ اجلاس میں کیا گیا۔