عرب نیوز کے 50 سال مکمل

   

ریاض ، 29 ستمبر (ایجنسیز) عرب نیوز کے بانی محمد اور مرحوم ہشام علی حافظ کو سعودی عرب کے ڈین آف ڈپلومیٹک کورپس کی جانب سے ایک تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا، جو عرب نیوز کی گولڈن جوبلی کے موقع پر منعقد کی گئی۔اس تاریخی سالگرہ کی تقریب میں معروف معیشت دان اور کالم نگار طلعت حافظ کو ٹرافی پیش کی گئی، جس میں ایچ آر ایچ پرنس ترکی الفیصل، اسسٹنٹ وزیر میڈیا عبد اللہ المغلوث، ڈین آف ڈپلومیٹک کورپس دیاالدین سعید بامخرمہ، جبوتی کے سفیر اور اخبار کے موجودہ ایڈیٹر ان چیف فیصل عباس نے شرکت کی۔ پرنس ترکی نے اخبار کے قیام کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے والد، مرحوم شاہ فیصل کے دور حکومت میں قائم ہوا، جنہوں نے اس خیال کی اہمیت کو تسلیم کیا اور 1975 میں اپنی وفات سے قبل اس کی منظوری دی۔ انہوں نے اخبارکے قیام کی کہانی سنائی، جس پر انہوں نے خود مرحوم شیخ کمال ادھم اور حافظ برادران کے ساتھ کام کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا گزشتہ پچاس سالوں سے یہ اخبار سعودی عرب کی انگریزی زبان میں معتدل آواز اور روشن تصویر رہا ہے۔ اس اخبارکی طویل کامیابی ان تمام افرادکی محنت کے بغیر ممکن نہ ہوتی جو اسے کامیاب بنانے کے لیے کام کر رہے تھے۔