عرب وزرائے خارجہ کو راملہ جانے نہیں دیا جائے گا: اسرائیل

   

تل ابیب۔ 31 مئی (یو این آئی) اسرائیل نے سعودی عرب سمیت عرب وزرائے خارجہ کو مقبوضہ فلسطین کے علاقہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں عرب ممالک کا وفد اتوار کو مغربی کنارہ کا دورہ کرے گا، وفد میں متحدہ عرب، ترکیہ، اردن، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل فرحان راملہ کا دورہ کریں گے اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے سعودی عرب سمیت عرب وزرائے خارجہ کو راملہ جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، ایک اہلکار نے اسرائیلی اخبار کو بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ فلسطینی اتھاریٹی عرب وزرا خارجہ کی راملے میں میزبانی کی خواہش رکھتی ہے تاکہ فلسطینی ریاست قائم کی جائے ۔ سعودی وزیر خارجہ کے دورے کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیر نے مغربی کنارے کو یہودی ریاست بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں 22 نئی یہودی بستیوں کے قیام کی منظوری دی گئی ہے ۔ اسرائیلی وزرا نے بتایا کہ علاقہ میں کئی بستیاں پہلے سے موجود ہیں جو حکومتی اجازت کے بغیر تعمیر کی گئی تاہم اب اسرائیلی قانون کے تحت انہیں بھی قانونی کیا جائے گا۔