عرس حضرات یوسفین ؒ کی دو روزہ تقاریب کا آغاز

   

صدرنشین وقف بورڈ نے حاضری دی، چارمینار سے صندل کا جلوس
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) عرس حضرات یوسفینؒ کی دو روزہ تقاریب کا آج آغاز ہوا۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی راست نگرانی میں عرس تقاریب کے انتظامات کئے گئے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے درگاہ شریف میں حاضری دی اور صندل کو تاریخی مکہ مسجد روانہ کیا جہاں سے جلوس صندل مالی درگاہ شریف پہنچا جہاں رات دیر گئے مراسم صندل مالی ادا کئے گئے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بارگاہ یوسفینؒ میں خصوصی چادر پیش کی اور امت مسلمہ اور تلنگانہ ریاست کے لئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی راست نگرانی میں کووڈ قواعد کے ساتھ عرس کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ زائرین کی سہولت کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے ۔ دو دن کی تقاریب کے لئے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ عرس میں حیدرآباد اور دیگر علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی ۔ پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے درگاہ شریف کے اطراف انتظامات کی نگرانی کی گئی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ درگاہ شریف میں زائرین کی سہولت کے لئے عنقریب ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ کورونا قواعد پر عمل کرتے ہوئے فاتحہ خوانی اور حاضری کی رسم ادا کریں۔