وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی ، رکن اسمبلی وی شنکر اور دیگر قائدین کی شرکت
شادنگر 15 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست کی مشہور معروف بارگاہ روح دکن حضرت سیدنا جہانگیر پیراں رحمتہ اللہ علیہ واقع موضع نمن نروا کوتور منڈل تعلقہ شادنگر ضلع رنگا ریڈی کے سہ روزہ عرس تقاریب کا آغاز عمل میں آیا۔تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی نگرانی میں 15 جنوری بروز جمعرات بعد نماز عصر احاطہ درگاہ شریف نیاز خانہ میں صندل مبارک کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ صندل مبارک میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی۔ شادنگر ایم ایل اے ویرلہ پلی شنکر اور دیگر اہم قائدین نے شرکت کی۔صندل مبارک کا آغاز حافظ محمد سعید الدین خطیب مسجد درگاہ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ بعد میں محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ نیاز خانہ درگاہ شریف سے صندل مبارک جلوس کی شکل میں روانہ ہو کر قبل از مغرب درگاہ شریف پہنچا۔ ریاستی وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی کی نگرانی میں مراسم صندل مالی کی رسم انجام دی گئی۔ مراسم صندل مالی کی تقریب میں رکن اسمبلی شادنگر ویرلہ پلی شنکر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صندل مبارک کی رسم انجام دہی و چادر گل فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کے ساتھ مراسم انجام پائی۔ بعد نماز مغرب تمام زائرین و حاضرین درگاہ کے لیے طعام کا خاص و عام نظم رکھا گیا ہے۔ بعد ازاں نیاز خانہ درگاہ شریف میں پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی ویرلا پلی شنکر نے کہا کہ درگاہ شریف کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کے لیے اور درکار مسائل کو حل کرنے کے لیے ریاستی حکومت کافی سنجیدہ ہے۔ سابقہ حکومت نے اولیا اللہ کی بارگاہ کے پاس بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے درگاہ شریف کے زائرین کو دھوکے میں رکھا۔ انہوں نے اس بات کا تیقن دیا کہ ریاستی حکومت ترقیاتی کام انجام دینے کے لیے ریاستی حکام اور ریاست کے وقف بورڈ کے ذمہ داران سے مشترکہ اجلاس کے ذریعہ ترقی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ رکن اسمبلی وی شنکر نے درگاہ کی ترقی کیلئے ریاستی حکومت سے 10 کروڑ روپئے سے زائد کی رقم منظور کروانے کا تیقن دیا۔ ریاستی وقف بورڈ چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی نے پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ شریف کے زائرین کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت ہر ممکنہ اقدامات کرے گی۔ اس کے علاوہ درگاہ شریف کے تحت ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے خریدی گئی اراضی کا ریاستی وقف بورڈ عملہ اور ریونیو حکام کے عملہ کے ساتھ ایک جوائنٹ سروے بہت منعقد کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عرس شریف مکمل ہونے کے فوری بعد مقامی ایم ایل اے کے ہمراہ درگاہ شریف کا دورہ کرتے ہوئے درپیش مسائل کو ایک کے بعد ایک پورا کرنے کا تیقن دیا۔