محدود پیمانے پر انعقاد ‘ زائرین کو شرکت کی اجازت نہیں۔ صندل محبوب گلشن سے روانہ نہیں ہوگا
تقاریب عرس کے دنیا بھر میں آن لائن مشاہدہ کی سہولت
گلبرگہ :خواجہ دکن حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسودرازؒ کے 617ویں عرس شریف کا آغاز 15ذیقعدہ 27جون بروز اتوار سے ہوگا۔15ذیقعدہ27جون بروز اتوار صندل مبارک 16ذی قعدہ 28جون بروز پیر جشن چراغاں اور 17ذیقعدہ 29جون بروز منگل زیارت و ختم قرآن مجید کا اہتمام ہوگا۔حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسودرازؒ کے 617ویں عرس شریف کا کورونا حالات کے پیش نظر محدود پیمانے پر انعقاد عمل میں آئے گا۔ یہ اعلان تقدس مآب حضرت الحاج ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی قبلہ سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے کیا ہے۔حضرت خسرو حسینی قبلہ نے مزید کہا کہ اس سال عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی تمام تقاریب کو صرف افراد خانوادہ بندہ نوازؒ کیلئے محدود کیا گیا ہے۔ حضرت سجادہ نشین اپنے افراد خانوادہ کے ہمراہ عرس شریف کے مراسم انجام دیںگے۔ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے احتیاطی تدابیر کے تحت حکومت کرناٹک نے کسی بھی مذہبی عبادت گاہ اور درگاہوں کو عوام کیلئے کھولنے کی اجازت نہیں دی اس لئے ملک بھر کے زائرین اور مقامی عقیدتمندان کو عرس شریف میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ ناگزیر وجوہات کے باعث حضرت سجادہ نشین نے عرس شریف کے موقع پر ہونے والی ملک گیر شہرت یافتہ صنعتی نمائش خواجہ بازار کو ملتوی کردیا اور تاریخی محبوب گلشن گلبرگہ سے جلوس صندل مبارک بھی نہیں نکالا جائے گا۔ سجادہ نشین نے بلالحاظ مذہب و ملت ملک بھر کے اور مقامی عقیدتمندان سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقامات سے ہی نذر ونیاز ، منتیں مرادیں ،فاتحہ خوانی کریں۔ چراغاں روشن کریں۔ عرس شریف کی تقاریب اور مراسم کی ادائیگی کو آن لائن دکھایا جائیگا۔ مقامی اور ملک بھر کے عقیدتمندان ویب سائٹ www.youtube.com/khwajabandanawaz پر تقاریب عرس حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کا آن لائن مشاہدہ کرسکتے ہیں۔