عرس حضرت غریب نواز ؒ کا پیر کو رسم پرچم کشائی کے ساتھ آغاز

   

اجمیر:راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 809 ویں سالانہ عرس کا شام نماز عصر کے بعد درگاہ کے بلند دروازے پر عرس کے جھنڈے کو بلند کرنے کے ساتھ عرس کا باضابطہ آغاز ہوگا۔روایتی طور سے بھیلواڑہ کا گوری خاندان پرچم کی تقریب انجام دے گا۔ عالمی وبائی مرض کووڈ کی وجہ سے درگاہ کے غریب نواز گیسٹ ہاؤس سے جھنڈے کا جلوس چنندہ افراد کے ساتھ درگاہ شریف پہنچنے اور پرچم پیش کرنے روانہ ہوگا۔ عرس کے پیش نظر انتظامیہ، پولیس، درگاہ کمیٹی ، انجمن اور درگاہ کے دیوان وغیرہ متحرک ہیں۔عرس کے دوران درگاہ میں داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی ایک ویب سائٹ جاری کی گئی ہے ۔ درگاہ میں اندراج کے بعد ہی عرس کے دوران داخلہ دستیاب ہوگا۔ نیز، کورونا کی نگیٹیو رپورٹ بھی پیش کرنا ہوگی۔ درگاہ کمیٹی نے زائرین کی آمد کے پیش نظر ریسٹنگ سائٹ پر انتظامات کرنا شروع کردیئے ہیں۔ کمیٹی نے پبلک مقامات پر عارضی دکانیں لگانے کیلئے عوامی اشتہار کے ذریعہ ایک تجویز بھی طلب کی ہے ۔درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا 17 فروری کو اجمیر کے دورے کا پروگرام ہے ۔ وہ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے چادر چڑھا سکتے ہیں اور درگاہ کمیٹی کے ذریعہ درگاہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرسکتے ہیں۔