عرس حضرت معشوق ربانیؒ کیلئے بہتر انتظامات کریں

   

عہدیداروں کو ضلع کلکٹر و پولیس کمشنر کی ہدایت ، پانی ، برقی و تمام سہولیات فراہم کرنے کا تیقن

ورنگل۔ 31 جنوری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر بی گوپی نے کہا کہ تمام محکمہ جات بہتر تال میل کے ذریعہ عرس جاگیر میں 13,14,15فروری کو منعقد ہونے والے سہ روزہ حضرت معشوق ربانی ؒ کے عرس تقاریب کے انتظامات کو بہتر طور پر انجام دیتے ہوئے کامیابی کے ساتھ ہمکنار کریں ۔رکن اسمبلی ورنگل ایسٹ نناپونینی نریندر کی خواہش پر ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر بی گوپی ، پولیس کمشنر اے وی رنگا ناتھ ،گریٹر ورنگل میونسپل کمشنر پراونیا نے بارگاہ حضرت معشوق ربانی ؒ عرس جاگیر کا دورہ کیا ۔سجادہ نشین حضرت معشوق ربانی ؒ عرس جاگیر حضرت سید شاہ حیدر ہلال الدین قادری المعروف نوید بابا ،برادر سجادہ نشین حضرت سید علی شاہ قادری المعروف عبید بابا کے ہمراہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کلکٹر نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی کہ اس سہ روزہ عرس تقاریب کے لئے جو بھی بنیادی و درکار سہولتیں چاہیے انہیں پورا کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ پولیس کمشنر اے وی رنگا ناتھ نے کہاکہ تلنگانہ علاقہ کی بالخصوص ورنگل میں ہندو مسلم اتحاد مثالی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سہ روزہ عرس تقاریب میں کوئی ناگہانی واقع نہ پیش ہو اس کے لئے پولیس کا معقول بندوبست کیا جائے گا۔اسی طرح میونسپل کمشنر پروانیا نے کہاکہ پانی، برقی ،صاف صفائی ،سانٹیشن اور دیگر تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ورنگل این نریندر نے کہاکہ ورنگل ہمیشہ سے ہی ہندو مسلم کا گہوراہ رہا ہے ۔یہاں تمام طبقات کے افراد مل جل کر تہواریں مناتے ہیں ۔