عرفان پٹھان تامل فلم میں انٹرپول ایجنٹ کے رول میں

   

حیدرآباد: کرکٹرس اور فلم انڈسٹری کا رشتہ پرانا ہے، کرکٹروں نے فلم اداکار اوں سے شادی اور اداکاری کے ذریعہ اس رشتہ کو قائم رکھا۔ منصور علی خان پٹوڈی، سندیپ پاٹل سے لے کر ویراٹ کوہلی اس کی مثال ہیں۔ اس کی نئی مثال آل راؤنڈر عرفان پٹھان ہیں، جنہوں نے اپنے چاہنے والوں کو حیران کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ایک تمل فلم میں اداکاری کر رہے ہیں۔ عرفان اکثر یہ کہتے آرہے ہیں کہ کرکٹ کے بعد ان کی دوسری دلچسپی فلم ہے۔ دراز قد اور خوبصورت عرفان پٹھان کے مداح جہاں اس انکشاف سے خوش ہیں، وہیں انہیں اس بات کا تجسس بھی ہے کہ وہ ایک تمل فلم میں کس طرح کام کرپائیں گے کیونکہ وہ ایک پروفیشنل اداکار نہیں ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کے آغاز کے بعد عرفان پٹھان نے اپنے ٹوئٹرہینڈل پر فلم کے سیٹ سے ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کی کہ اس فلم کیلئے مشکل سے ہی سہی تمل میں لکھے ہوئے اپنے مکالمے خود ان کی آواز میں ہوں گے۔ فلم ’’کوبرا‘‘ میں عرفان پٹھان ایک انٹر پول ایجنٹ کا رول ادا کر رہے ہیں۔ ساؤتھ کے سوپر اسٹار وکرم اس فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے، فلم کی پبلیسٹی میں یہ کہا گیا ہے کہ عرفان پٹھان کا کردار ایک فرنچ انٹرپول ایجنٹ کا ہوگا۔ تاہم عرفان کی 36 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے کردار’’کیلوک‘‘ کے ساتھ جاری کئے گئے نام ’’اسلان یلماز‘‘ سے ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ کردار فرانسیسی ہے کیونکہ اسلان یلماز ایک عام ترک نام ہے۔ بہر حال فلم کی ریلیز تک تجسس قائم رہے گا کہ اس فلم میں وہ ترک ہیں یا فرانسیسی؟ فلم ’’کوبرا‘‘ بڑے پیمانہ پر بنائی جا رہی ہے اور اس فلم کے موسیقار اے آر رحمان ہیں اور ہدایت کار اجے گھن متو ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ ملک کے مختلف شہر وں کے علاوہ روس میں کی گئی۔ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور پوسٹ پروڈکشن کے مرحلہ میں ہے۔ توقع ہے کہ یہ فلم 2021ء کی اوائل میں ریلیز ہوگی۔ تمل کے علاوہ اسے ڈب کرتے ہوئے ہندی اور تلگو میں ریلیز کیا جائے گا۔