عرفان پٹھان پر جانبدارانہ کمنٹری کا الزام ، آئی پی ایل پیانل سے باہر

   

بعض طنزیہ تبصروں کا بھی کرکٹ بورڈ نے نوٹ لیا۔ آسٹریلیا ٹور پر کوہلی کی کارکردگی پر تنقید بھی شاید مہنگی پڑی
نئی دہلی: سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کو آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پیانل میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو ایڈن گارڈن کولکاتا میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان رواں سیزن کا پہلا میچ ہوا۔ کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سجائی گئی رنگارنگ تقریب میں ٹورنامنٹ کی تمام ٹیموں کے اسٹارز نے شرکت کی لیکن وہاں پر عرفان پٹھان کی عدم موجودگی محسوس کی گئی۔ عرفان پٹھان آئی پی ایل کی کمنٹری کا اہم حصہ رہے ہیں اور بے لاگ تبصروں کے باعث میڈیا میں مقبول ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میںدعویٰ کیا گیا ہے کہ عرفان پٹھان کو آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پیانل سے ملک کے کئی کرکٹرز کی شکایت پر ہٹا یا گیا ہے اور چند ایک کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ وہ جانبدارانہ کمنٹری کرتے ہیں۔ عرفان پٹھان پر کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ وہ چند مخصوص کھلاڑیوں کے خلاف ذاتی ایجنڈا چلاتے ہیں۔ عرفان پٹھان پر الزام ہے کہ وہ بعض کھلاڑیوں پر خصوصیت سے طنز کرتے ہیں اور یہی ان کی کمنٹری پیانل میں عدم شمولیت کی وجہ بنا۔ عرفان پہلے کرکٹر نہیں ہیں جنہیں کمنٹری کی ذمہ داریوں سے ہٹایا گیا ہو۔ 2020 میں سابق ٹسٹ کرکٹر سنجے منجریکر کو ونڈے ورلڈ کپ کے دوران رویندرا جڈیجا پر تبصرے کے باعث بی سی سی آئی نے کمنٹری پیانل سے ہٹا دیا تھا۔ اس سے قبل2016 میں معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کو بھی آئی پی ایل کے کمنٹری پیانل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ مجھے سمجھنہیں آیاکہ میں آئی پی ایل میں کیوں کمنٹری نہیں کر رہا، میں یہ قبول کر سکتا ہوں کہ لوگوں کو میں پسند نہیں ہوں لیکن میں واقعی امید کرتا ہوں کہ اس کی وجہ یہ نہ ہو کہ کرکٹرز کو میری رائے پر شکایت ہو۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے دوران دیئے گئے ایک بیان کی وجہ سے ایک کرکٹر نے عرفان پٹھان کا نمبر بلاک کردیا ہے، جس کی وجہ سے تنازع میں شدت آگئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ عرفان پٹھان گزشتہ دو سال کے دوران مخصوص کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کو بی سی سی آئی کے عہدیدار اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہے ہیں۔ عرفان پٹھان کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بارڈر۔گواسکر ٹرافی 2024 کے دوران ویراٹ کوہلی کی مجموعی ناقص کارکردگی پر بھی تنقید کی تھی اور کرکٹ شائقین تازہ اقدام کو اسی سے جوڑ رہے ہیں۔