حیدرآباد: ہندوستانی ٹیم 9 فروری کو ناگپور میں آسٹریلیا کے خلاف 4 میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ اس میچ میں سب کی نظریں آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کی کارکردگی پر ہوگی۔ کیونکہ اسمتھ کا ہندوستان کے خلاف ٹسٹ ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ تاہم اسی درمیان عرفان پٹھان نے انہیں خبردار کیا ہے کہ ہندوستانی بولرز آسٹریلیا کی ٹیم پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔انھوں نے آسٹریلیائی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کے خلاف پلان کے حوالے سے کہاکہ اکشر پٹیل ان کے لئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر اکشر پٹیل کو تمام میچ کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو وہ اسمتھ کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن سکتے ہیں۔ کیونکہ جس لائن لینتھ سے اکشر پٹیل بولنگ کرتے ہیں، اسمتھ کو ایل بی ڈبلیو اور بولڈ کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیائی ٹیم کے موجودہ نائب کپتان اسٹیو اسمتھ نے اب تک ہندوستان کے خلاف 14 ٹسٹ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ نے ان میچوں میں کھیلتے ہوئے 72.58 کی اوسط سے 1742 رنز بنائے ہیں۔