نئی دہلی 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج اور اِن پر پولیس کے لاٹھی چارج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انھیں احتجاج میں زخمی ہونے والے طلبہ کی فکر ہے۔ 35 سالہ عرفان پٹھان جنھوں نے 29 ٹسٹ اور 120 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے، انھوں نے اتوار کی شب دہلی پولیس کی جانب سے جامعہ کے کیمپس میں کی جانے والی کارروائی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی حربے ہمیشہ سے ہی ایسے ہی استعمال کئے جاتے رہے ہیں تاہم مجھے طلبہ کی فکر ہے۔ پولیس جہاں یہ الزام لگارہی ہے کہ طلبہ نے پرتشدد احتجاج میں 4 بسوں اور 2 عوامی گاڑیوں کو نذر آتش کیا جبکہ جامعہ کے طلبہ کے ذرائع نے اِن الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پرتشدد احتجاج سے طلبہ کا کوئی تعلق نہیں جبکہ پولیس خود غیر مجاز طریقہ سے کیمپس میں داخل ہوئی تھی۔ جس نے ہاسٹل اور کیمپس میں موجود طلبہ کے خلاف لاٹھی چارج کیا۔