نئی دہلی : ریاست اُتر پردیش میں ایک نوجوان نے اپنی بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرکے خود کو گرفتاری کے لئے پیش کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اُتر پردیش کے علاقہ بارہ بنکی کا ایک 22 سالہ ریاض نامی نوجوان اپنی 18 سالہ بہن آصیفہ کا سر قلم کر کے اس کا سر لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ اے ایس پی آشوتوش مشرا کے مطابق ریاض نے مبینہ طور پر اپنی بہن کا سر تیز دھار ہتھیار آلے سے قلم کیا اور اس کا سر ہاتھ میں اُٹھا کر پولیس اسٹیشن آکر گرفتاری دے دی۔ پولیس کے مطابق آصیفہ اپنے عاشق چاند بابو کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی جو اسی علاقہ کا رہائشی تھا، تاہم چند دنوں بعد پولیس نے اسے بازیاب کروا کر لڑکی کے اہل خانہ کی شکایت پر چاند بابو کو گرفتار کرلیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ایس پی کا کہنا ہے کہ ریاض کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ریاض اپنی بہن کے رشتے کے مخالف تھا اور اس معاملہ پر دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ اے ایس پی کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔