سیول سرویس کامیاب عبدالشاہد کے خواب کی تعبیر، والدین رول ماڈل ہونے کا اعتراف
حیدرآباد 8 اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا سیول سرویسس میں 57 رینک حاصل کرنے والے محمد عبدالشاہد نے کہاکہ کڑی لگن اور محنت کے نتیجہ میں کسی بھی بلندی پر پہنچا جاسکتا ہے۔ نمائندہ سیاست کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں عبدالشاہد نے کہاکہ وہ بچپن سے ہی آئی اے ایس عہدیدار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے، میرے اِس خواب کی تعبیر میں میرے والدین نے ہرممکن تعاون کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 2018 ء سیول سرویسس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ وہ گزشتہ سال آل انڈیا فاریسٹ سرویس میں بھی 45 واں رینک حاصل کیا تھا۔ سیول سرویسس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے محمد عبدالشاہد نے مسلم نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے کئی مواقع موجود ہیں جن کے ذریعہ سیول سرویسس امتحانات میں آسانی سے حصہ لیا جاسکتا ہے اور کڑی لگن اور جنون سے کامیابی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے مولانا آزاد یونیورسٹی اور زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے ذریعہ مسلم نوجوانوں کو سیول سرویس کوچنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں ایسے کئی ادارے موجود ہیں جو مسلم نوجوانوں کی رہنمائی کرنے کے علاوہ اُنھیں معاشی طور پر مدد بھی کرتے ہیں۔
